چائنہ موبائل کمیونکیشن کارپوریشن (سی ایم سی سی=CMCC)
چائنہ موبائل اپنے وطن چین میں ٹیلے کمیونکیشن سروسزفراہم کرنے والا صف ِ اوّل کا ادارہ ہے۔یہ گروپ دنیا کا سب سے بڑا موبائل نیٹ ورک اورسب سے زیادہ موبائل صارفین رکھتا ہے۔ سن 2015میں کمپنی کو فائنانشل ٹائمز کی طرف سے "FT Global 500"کے لئے اور فوربز میگزین کی طرف سے ’’دنیا کی 2,000سب سے بڑی عوامی کمپنیوں میں سے ایک‘‘ منتخب کیا گیا۔ اسے ڈائو جونز سسٹین ایبلٹی ایمرجنگ مارکیٹس کی فہرست میں بھی تسلیم کیا گیا۔ 31؍دسمبر2015تک اس گروپ کے عملے کی کل تعداد 438,645تھی اور اس نے اپنے وطن چین میں صارفین کے ضمن میں ایک اہم حیثیت برقرار رکھی جو 826ملین تک جا پہنچی۔
سی ایم سی سی واحد نیٹ ورک ہے جو سرنگوں کے ذریعے، بڑی شاہراہوں (ہائی وے) پر، فلک بوس عمارتوں کے ایلیویٹرز کے اندر اور مائونٹ ایوریسٹ کی چوٹی پر بھی بلا تعطل، قابل ِ اعتماد کوریج فراہم کرتا ہے۔ عالمی سطح پر یہ ہانگ کانگ، پاکستان، سان فرانسسکو اور لندن میں سرگرم ِ عمل ہے اور اس وقت 237ممالک اور خطوں میں 406آپریٹرز کے ساتھ بین الاقوامی رومنگ پارٹنر شپس میں شامل ہے۔ کمپنی نیو یارک اسٹاک ایکسچینج کے ساتھ ساتھ ایکسچینج آف ہانگ کانگ لمیٹڈ کی فہرست میں شامل ہے۔